پاکستان آرمی کا فتح2 ہائپرسونک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی:پاکستان آرمی نے توسیع شدہ رینج والے فتاح 2 ہائپرسونک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتا ح 2 ایکسٹینڈڈ رینج (ER) ویپن سسٹم جدید نیوی گیشن اور جدید ترین ایویانکس سے لیس ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میزائل اپنی منفرد پرواز کے راستے اور مؤثر نقل و حرکت کی صلاحیتوں کے باعث انتہائی درستگی سے اہداف کو نشانہ بنانے اور دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ترجمان کے مطابق فتا ح 2 کے توسیع شدہ رینج ورژن سے پاکستان آرمی کی رسائی اور دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت مزید بہتر ہوگی۔میزائل کے تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران اور منصوبے سے وابستہ سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ کمانڈر نے ویپن سسٹم کی تیاری میں شامل سائنسدانوں اور انجینئرز کی محنت، لگن اور فنی صلاحیتوں کو سراہا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتا ح 2 کے توسیع شدہ رینج ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔ یہ پیش رفت پاکستان کی جانب سے مقامی طور پر تیار کیے گئے فتاح 4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیع شدہ ورژن کے کامیاب تجربے کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔ آئی ایس پی آر نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ جدید ایویانکس اور جدید ترین نیوی گیشن نظام سے لیس فتا ح 4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل توسیع شدہ فاصلے تک انتہائی درستگی اور مؤثر انداز میں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے