چین نے بھارت کے یکطرفہ قائم کردہ ’لداخ یونین ٹیریٹری‘ کو کبھی تسلیم نہیں کیا، ماؤ ننگ

بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ اس نے بھارت کی جانب سے یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر قائم کیے گئے نام نہاد ’’لداخ یونین ٹیریٹری‘‘ کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور بھارت کی جانب سے نام نہاد مقامات کے معیاری نام مقرر کرنے کے اعلان کی سخت مخالفت کرتا ہے۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے منگل کو ایک پریس بریفنگ کے دوران بھارت کی وزارت داخلہ کے اس اعلان سے متعلق سوال کے جواب میں یہ مؤقف پیش کیا، جس میں متنازع سرحدی علاقوں اور چین کے زیرِ انتظام علاقوں سمیت 28 مقامات کے معیاری نام مقرر کرکے انہیں سرکاری نقشوں میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ماؤ ننگ نے کہا کہ بھارت کا یہ اقدام غیر قانونی اور بے بنیاد ہے اور اس سے چین اور بھارت کی سرحد کے مغربی حصے میں متعلقہ علاقوں کی حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذکورہ علاقے ہمیشہ سے چین کا حصہ رہے ہیں اور بھارت کی جانب سے نام تبدیل کرنے یا انہیں سرکاری نقشوں میں شامل کرنے کا اقدام اس حقیقت کو تبدیل نہیں کرسکتا۔ چینی ترجمان نے بھارت کی جانب سے متنازع علاقوں کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چین اپنی علاقائی خودمختاری کے تحفظ کیلئے اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے