عوامی ریلیف، بہتر حکمرانی اور یکساں ترقی حکومت کی ترجیحات ہیں: افتخار گیلانی

بھمبر: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ بہتر حکمرانی، عوام کو ریلیف کی فراہمی اور ریاست کے تمام علاقوں میں یکساں و متوازن ترقی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ بھمبر کے دورے کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اچھی حکمرانی کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچانے اور عوامی مسائل حل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی مسائل کے حل، اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور شفاف و مؤثر حکمرانی یقینی بنانے کے لیے واضح روڈ میپ تیار کرلیا ہے۔افتخار گیلانی نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام بھی ترقی میں رکاوٹ اور عوامی مسائل برقرار رہنے کی ایک بڑی وجہ رہا ہے، گزشتہ پانچ برسوں میں چار وزرائے اعظم تبدیل ہوئے جس کے باعث حکومتی تسلسل متاثر ہوا اور عوامی مسائل کے حل پر مطلوبہ توجہ نہیں دی جاسکی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی توجہ عوامی خدمت، ادارہ جاتی اصلاحات اور ترقیاتی عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے پر مرکوز ہے۔ وزیراعظم نے صحافتی برادری کے مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ میڈیا عوامی مسائل اجاگر کرنے اور عوام کی آواز حکومت تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔اس موقع پر اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری طارق فاروق، وزرا کرنل (ر) وقار احمد نور، ثاقب مجید، سردار عمیر نعیم اور دیگر بھی موجود تھے۔ کشمیر پریس کلب کے صدر چوہدری جمیل شفی کی قیادت میں میڈیا وفد نے وزیراعظم کو صحافتی برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے