فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکہ افغانستان وار کمیشن کے وفد سے ملاقات
راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افغانستان میں طویل جنگ کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجز اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف امریکی افغانستان وار کمیشن کے وفد کے سامنے پیش کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی افغانستان وار کمیشن کے شریک چیئرمین شمائلا این چودھری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن کی قیادت میں وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغانستان تنازع کے اسٹریٹجک، سفارتی اور آپریشنل پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے علاقائی تناظر اور پاکستان کے تجربات کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افغانستان میں 20 سالہ امریکی شمولیت کے جائزے کے تناظر میں پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور تنازع کے علاقائی اثرات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان کی معاونت، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی وفد نے افغانستان میں جنگ کے دوران پاکستان کے طویل مدتی کردار اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ 2021 میں افغان طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد خصوصاً خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سرحد پار دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اسلام آباد نے متعدد بار کابل پر زور دیا ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگرد کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکا جائے۔