ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے، وزیراعظم آزاد کشمیر


مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے متعلقہ حکام کو ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری تاخیر سے منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے اور سرکاری خزانے پر اضافی بوجھ پڑتا ہے۔وزیراعظم نے یہ ہدایات ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ عاطف رحمان، پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عامر لطیف اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔افتخار گیلانی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے شروع کرنے سے قبل ان کی مکمل منصوبہ بندی کی جائے اور منظوری و آغاز کے مرحلے پر تمام انتظامی، تکنیکی اور مالی امور حل کیے جائیں تاکہ منصوبوں پر عملدرآمد کے دوران تاخیر سے بچا جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے ایسی مستند فرموں اور ٹھیکیداروں کی خدمات حاصل کی جائیں جن کا متعلقہ شعبے میں تجربہ، کامیاب کارکردگی اور قابل اعتماد ریکارڈ موجود ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ایسے منصوبے ہونے چاہئیں جو عوام کو حقیقی اور دیرپا فوائد فراہم کریں، نہ کہ صرف افتتاحی تقریبات تک محدود رہیں۔انہوں نے کہا کہ **جہاں بھی سرکاری فنڈز خرچ ہوں، وہاں ان کے اثرات زمین پر واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے سرکاری وسائل کے شفاف، مؤثر اور دانشمندانہ استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کی کامیابی کا اصل پیمانہ عام شہریوں کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو جاری ترقیاتی منصوبوں کی سخت نگرانی برقرار رکھنے اور ان کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو بروقت دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کی بھی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے