مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال: امریکی صدر کا یو اے ای کے صدر کوٹیلی فون

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دوطرفہ تعاون اور مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے. عرب میڈیا کے مطابق اماراتی حکام نے بتایا کہ اس گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی مفادات کے تحت دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی اور خطے کے حالات سے نمٹنے کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا، تاہم کسی مخصوص سفارتی یا فوجی اقدام پر اتفاق کی تصدیق نہیں کی گئی.یہ رابطہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کے حالات انتہائی حساس ہو چکے ہیں. امریکی حملوں کے جواب میں ایران کی جانب سے خطے میں موجود امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے ہیں، جن میں کویت کے احمد الجابر ایئر بیس اور یو اے ای کے المنہاد ایئر بیس پر موجود امریکی فوجی تنصیبات و ریڈار سسٹمز کو نشانہ بنانے کے دعوے کیے گئے ہیں. اس تنازعے کے باعث آبنائے ہرمز اور خلیج میں کشیدگی بڑھنے سے عالمی توانائی کی فراہمی اور تیل کی قیمتوں کے حوالے سے خدشات پیدا ہو گئے ہیں، جبکہ خلیجی ممالک کی جانب سے ان حملوں پر شدید احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا ہے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے