سندھ میں ایم پاکس کے مزید کیسز کی تصدیق، رواں سال تعداد 39 تک پہنچ گئی
سندھ میں ایم پاکس نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے اور کراچی کے سندھ انفیکشن ڈزیز اسپتال نیپا میں 4 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 3 کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ایک مشتبہ کیس کی ٹیسٹ رپورٹ آنا ابھی باقی ہے. اسپتال ذرائع کے مطابق ان میں سے 2 کیسز کا تعلق اندرون سندھ سے ہے جن میں باپ اور بیٹی شامل ہیں، جبکہ ایک تصدیق شدہ کیس کا تعلق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا سے ہے جس کی عمر 46 سال ہے. تمام متاثرہ مریضوں کی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ میں ایم پاکس کی تصدیق ہوئی ہے. ان تازہ ترین کیسز کے سامنے آنے کے بعد رواں سال سندھ میں ایم پاکس کے کل تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 39 جبکہ کراچی میں مجموعی طور پر 13 ہو گئی ہے.ماہرینِ صحت کے مطابق ایم پاکس کی نمایاں علامات میں جسم پر دانے، دردناک یا خارش والے زخم، بخار، سر اور جسم میں درد، کمزوری، اور گردن، بغل یا رانوں کے غدود کا ابھرنا شامل ہے. یہ دانے چہرے، ہاتھوں، پاؤں، منہ، گلے اور جسم کے دیگر حصوں پر ظاہر ہوتے ہیں اور متاثر ہونے کے بعد 21 دن کے اندر علامات سامنے آ سکتی ہیں. ماہرین کا بتانا ہے کہ یہ وائرس متاثرہ شخص سے قریبی جسمانی رابطے، دانوں یا زخموں سے براہِ راست تعلق، اور استعمال شدہ کپڑے، تولیے یا بستر کے ذریعے پھیلتا ہے. اس سے بچاؤ کے لیے مریض سے قریبی رابطے سے گریز، صحت یابی تک مکمل آئسولیشن، ہاتھوں کی صفائی اور آلودہ اشیا سے اجتناب انتہائی ضروری ہے.