پاکستان کے استحکام اور بقا کے لیے اتحاد، برداشت اور قومی یکجہتی ناگزیر ہے، علامہ ریاض حسین شاہ


راولپنڈی:ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ پاکستان کے سرپرست اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت، استحکام اور قومی مفادات کا تحفظ موجودہ مشکل حالات میں پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اپنے ایک اہم بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے قومی اتحاد، باہمی برداشت، سیاسی بصیرت اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ناگزیر ہے۔ قوم کو چاہیے کہ وہ باہمی اختلافات اور تقسیم سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو اولین ترجیح دے۔علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ سیاسی اختلافات جمہوری معاشرے کا فطری حصہ ہیں، تاہم قومی سلامتی، امن و استحکام، ریاستی اداروں کے احترام اور ملک کی خودمختاری و سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ریاست ہے اور اس کی بنیادوں کو مضبوط بنانے اور دیرپا استحکام یقینی بنانے کے لیے مسلمانوں میں اتحاد، بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔علامہ ریاض حسین شاہ نے علما کرام، دانشوروں، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ ملک میں اتحاد، امن اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔انہوں نے قوم پر زور دیا کہ مایوسی، بے یقینی اور انتشار کو غالب آنے دینے کے بجائے امید، حوصلے اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی اسی وقت یقینی بنائی جا سکتی ہے جب ہر شہری اپنی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ذاتی، سیاسی اور مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر وسیع تر قومی مفاد کو ترجیح دے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے