سردار تنویر الیاس کی سردار شوکت محمود سے تعزیت

اسلام آباد (بیورو رپورٹ): آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم اور استحکام پارٹی آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس نے سینئر صحافی، راولپنڈی اسلام آباد بیوروز جرنلسٹ ایسوسی ایشن (RIBJA) کے چیئرمین اور اسلام آباد ٹوڈے کے ایڈیٹر انچیف سردار شوکت محمود خان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کی والدہ محترمہ کے انتقال پر دلی تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ سردار تنویر الیاس نے سردار شوکت محمود خان، سابق ڈی ای سردار ممتاز غنی اور دیگر اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت، بلندیٔ درجات اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے کہا کہ ماں دنیا کا وہ عظیم ترین رشتہ ہے جس کی محبت بے غرض، شفقت بے مثال اور دعائیں اولاد کے لیے زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتی ہیں۔ ماں اپنی خوشیوں کو قربان کرکے اولاد کی آسودگی اور بہتر مستقبل کے لیے اپنی زندگی وقف کر دیتی ہے، اس کی خاموش قربانیاں بسا اوقات اولاد کی کامیابی کی بنیاد بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماں کی عظمت چند الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔ اس کی گود بچے کی پہلی درسگاہ، آغوش پہلا سکون، تربیت زندگی کا بنیادی سبق اور دعا اولاد کے لیے ایک ایسی قوت ہوتی ہے جو مشکل ترین حالات میں بھی حوصلہ دیتی ہے۔ ماں صرف بچوں کی پرورش نہیں کرتی بلکہ انہیں محبت، انسانیت، صبر، ایثار، حوصلے اور اچھے کردار کا راستہ دکھاتی ہے۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ اولاد کی کامیابی کے پیچھے اکثر ماں کی وہ خاموش قربانیاں ہوتی ہیں جن کا کوئی شمار نہیں۔ وہ اپنی خواہشات کو پسِ پشت ڈال کر بچوں کی خوشیوں کو مقدم رکھتی ہے، ان کے دکھ میں خود تڑپتی اور ان کی کامیابی پر سب سے زیادہ خوش ہوتی ہے۔ یہی بے لوث محبت ماں کے رشتے کو دنیا کے تمام رشتوں سے منفرد اور عظیم بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان دنیا کی کتنی ہی بلندیاں کیوں نہ چھو لے، ماں کی آواز، اس کی شفقت، محبت اور دعا کا نعم البدل کبھی نہیں مل سکتا۔ ماں کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد انسان صرف ایک عزیز کو نہیں کھوتا بلکہ اپنی زندگی کے اس حصے سے محروم ہو جاتا ہے جس کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین، بالخصوص ماں کی خدمت اور خوشی حاصل کرنا انسان کی زندگی کی بڑی سعادتوں میں سے ایک ہے۔ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ماؤں کی زندگی میں ان کی قدر کریں، ان کی خدمت کو اعزاز سمجھیں اور ان کی دعاؤں کو اپنی سب سے بڑی دولت جانیں۔ سردار تنویر الیاس نے سردار شوکت محمود خان سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ والدہ کا بچھڑ جانا یقیناً ایسا ناقابلِ تلافی صدمہ ہے جس کی شدت وہی محسوس کر سکتا ہے جس نے ماں کی محبت اور شفقت کا سایہ کھویا ہو۔ تاہم ایک ماں کی محبت، تربیت، دعائیں اور خوبصورت یادیں کبھی ختم نہیں ہوتیں بلکہ وہ اولاد کے دل و کردار میں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی وسیع رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، قبر کو نور سے منور فرمائے اور سردار شوکت محمود خان، سردار ممتاز غنی سمیت تمام اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل، حوصلہ اور اجرِ عظیم عطا اس موقع پر سردار شوکت محمود خان نے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس اور ان کے سیاسی رفقا کا گھر آمد، تعزیت، فاتحہ خوانی اور خلوصِ ہمدردی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماں کی جدائی زندگی کا ایسا ناقابلِ بیان دکھ ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، تاہم مشکل کی اس گھڑی میں دوستوں، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافتی برادری اور عزیز و اقارب کی جانب سے اظہارِ یکجہتی، دعائیں اور حوصلہ افزائی سوگوار خاندان کے لیے باعثِ تسلی ہیں۔انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ملنے والی محبت اور دعائیں خاندان کے لیے ایک قیمتی سہارا ہیں اور وہ تمام احباب کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جو اس مشکل وقت میں ان کے غم میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر سابق چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار امجد جلیل، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین، سابق صدارتی مشیر سردار عنایت اللہ عارف، کرنل (ر) اشفاق، سردار عظمان خان، سردار وقاص عنایت اور سردار آصف صابر بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے