صدر آزاد کشمیر اور چیف جسٹس کی ملاقات, قا نون کی بالادستی اورعدالتی اصلاحات پر مشاورت
صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان سے چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ جسٹس سردار لیاقت حسین نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں عدالتی نظام، قانون کی حکمرانی اور انصاف کی مؤثر فراہمی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں عدالتی اداروں کی کارکردگی، مقدمات کے جلد از جلد فیصلوں اور عوام کو بروقت و شفاف انصاف کی فراہمی کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ دونوں شخصیات نے عدالتی نظام کو مزید مضبوط بنانے اور عوام کے عدالتی اداروں پر اعتماد میں اضافے کے حوالے سے بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے کہا کہ ایک آزاد، مؤثر اور عوام کی دسترس میں موجود عدلیہ جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے قانون کی حکمرانی کے فروغ اور شہریوں کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔چیف جسٹس جسٹس سردار لیاقت حسین نے صدر آزاد کشمیر کو عدالتوں کی کارکردگی، عدالتی امور اور ریاست میں عدالتی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ملاقات میں اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری، انصاف تک عوام کی رسائی آسان بنانے اور آزاد جموں و کشمیر میں قانون کی بالادستی یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔مبصرین کے مطابق اس نوعیت کی اعلیٰ سطحی مشاورت بہتر طرز حکمرانی، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور عوام کو مؤثر نظامِ انصاف کی فراہمی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔