کینیڈا، فرانس کا اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق
کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے خلائی تحقیق، دفاع، توانائی، ٹیلی کمیونیکیشن اور جدید ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔دونوں رہنماؤں نے اتوار کو سینٹ پیئر اینڈ میکیلون میں ملاقات کی، جس کے دوران مختلف اسٹریٹجک شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔معاہدے کے تحت کینیڈا اور فرانس اپنے متعلقہ خلائی اداروں اور دفاعی وزارتوں کو بنیادی ڈھانچے کی تیاری اور باہمی اشتراک کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کریں گے، جن میں خلائی لانچ سسٹمز اور زمینی وصولی کی تنصیبات بھی شامل ہیں۔دونوں ممالک نے توانائی، اہم معدنیات، ماحولیاتی لچک، ایرو اسپیس اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، بالخصوص کوانٹم کمپیوٹنگ، کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔مارک کارنی یورپی ممالک کے ساتھ کینیڈا کے اقتصادی اور اسٹریٹجک تعلقات مضبوط کرنے کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ امریکا کے ساتھ تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں کینیڈا اپنی بین الاقوامی شراکت داری کو مزید متنوع بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔کینیڈین وزیراعظم نے یورپی یونین کے ساتھ کینیڈا کی وابستگی مزید مضبوط کرنے اور ممکنہ طور پر یورپی یونین کے ایسوسی ایٹ رکن بننے کے امکان پر بھی بات کی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ یورپ کے ساتھ مضبوط تعلقات بیرونی دباؤ سے کینیڈا کی معیشت کے تحفظ میں مدد دے سکتے ہیں۔فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے مارک کارنی کے دورے کو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتے ہوئے عالمی چیلنجز کے تناظر میں کینیڈا اور فرانس کے درمیان مزید تعاون ضروری ہے۔دونوں رہنماؤں نے توانائی کے تحفظ اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی منڈیوں پر ممکنہ اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔