سوڈان تنازع کے خاتمے کیلئے مصر، سوڈان اور امریکا کےدرمیان مذاکرات
قاہرہ: مصر، سوڈان اور امریکا نے سوڈان میں جاری تنازع کی شدت کم کرنے اور پائیدار سیاسی تصفیے کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے کے لیے سہ فریقی مذاکرات کیے ہیں۔مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے سوڈانی وزیر خارجہ محی الدین سلیم اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عرب و افریقی امور کے سینئر مشیر مسعد بولوس سے ملاقات کی، جس میں سوڈان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مذاکرات میں سوڈان میں جاری تنازع کے خاتمے کیلئے علاقائی اور عالمی سفارتی کوششیں تیز کرنے، مذاکرات کے ذریعے بحران کا حل تلاش کرنے اور ایسا سیاسی ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا جو سوڈانی عوام کی خواہشات کی عکاسی کرے۔مصری وزیر خارجہ نے سوڈان کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اس کے قدرتی وسائل اور ریاستی اداروں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے سہ فریقی مذاکرات کو ’’تعمیری‘‘ قرار دیایہ سفارتی سرگرمیاں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب سوڈان میں ایک بار پھر لڑائی میں شدت دیکھی جا رہی ہے۔ سوڈانی مسلح افواج کے مطابق فوج نے بلیو نائل ریاست کے دو علاقوں میں نیم فوجی گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) اور اس کے اتحادی سوڈان پیپلز لبریشن موومنٹ نارتھ کے حملے پسپا کر دیے ہیں۔سوڈان میں اپریل 2023 سے فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ تنازع کے نتیجے میں شدید انسانی بحران پیدا ہوا ہے، لاکھوں افراد اندرونِ ملک اور سرحد پار نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں، جبکہ عالمی سطح پر مذاکرات کے ذریعے تنازع کے حل کے مطالبات بھی مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔