ٓ آمنہ بلوچ کی بطورسفیر سیکریٹری خارجہ مدت مکمل، عاصم افتخار ذمہ داریاں سنبھالیں گے


اسلام آباد:سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ تین دہائیوں سے زائد پر محیط سفارتی کیریئر مکمل کرنے کے بعد جمعرات کی شام وزارت خارجہ کی ذمہ داریاں سفیر عاصم افتخار کے سپرد کر دیں گی۔دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران سفیر امینہ بلوچ کی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے لیے تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط سفارتی خدمات کے دوران پیشہ ورانہ صلاحیت، عزم اور قائدانہ کردار کے ذریعے ملکی خارجہ پالیسی اور سفارتی شعبے میں اہم خدمات انجام دیں۔سفیر آمنہ بلوچ نے 11 ستمبر 2024 کو پاکستان کی 33ویں سیکریٹری خارجہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ اس سے قبل وہ مئی 2023 سے ستمبر 2024 تک بیلجیم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کی سفیر رہیں، جبکہ 2019 سے 2023 تک ملائیشیا میں ہائی کمشنر اور 2014 سے 2017 تک چین کے شہر چینگدو میں قونصل جنرل کے فرائض انجام دیتی رہیں۔آمنہ بلوچ نے 1991 میں وزارت خارجہ میں شمولیت اختیار کی۔ وزارت خارجہ کے صدر دفتر میں انہوں نے سیاسی، انتظامی اور پروٹوکول سمیت مختلف شعبوں میں اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ وہ وزیراعظم آفس میں بھی خدمات انجام دیتی رہیں، جبکہ 2018 سے 2019 تک وزیر خارجہ کے دفتر میں ایڈیشنل سیکریٹری کے منصب پر فائز رہیں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ آمنہ بلوچ کی جگہ عاصم افتخار سیکریٹری خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ عاصم افتخار اس وقت اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔اسحاق ڈار کے مطابق آمنہ بلوچ ریٹائرمنٹ کے بعد ترکیہ میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آمنہ بلوچ نئی ذمہ داری میں بھی ملک کی بھرپور اور مؤثر خدمت جاری رکھیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے