بھارت ،چینی صدر کی اچانک واپسی، مختصر دورے نے سوالات اٹھا دیے
چینی صدر شی جنپنگ نے تقریباً سات سال بعد بھارت کے دورے کے دوران برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کی، تاہم اجلاس کی تمام مصروفیات مکمل کیے بغیر وطن واپسی نے کئی سوالات کو جنم دے دیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شی جنپنگ 12 ستمبر کو برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچے تھے، تاہم 13 ستمبر کو اپنا شیڈول مکمل کیے بغیر ہی چین روانہ ہوگئے۔چینی صدر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے برکس رہنماؤں اور دیگر اہم شخصیات کے اعزاز میں دیے گئے گالا ڈنر میں بھی شرکت نہیں کی۔ یہ عشائیہ برکس اجلاس کے اہم ضمنی پروگراموں میں شامل تھا اور شی جنپنگ کے دورۂ بھارت کے شیڈول کا بھی حصہ تھا۔شی جنپنگ کی گالا ڈنر میں عدم شرکت کو بھارتی میڈیا نے نمایاں کوریج دی، جبکہ سوشل میڈیا اور مختلف رپورٹس میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ آیا چینی صدر نے برکس اجلاس مقررہ وقت سے پہلے چھوڑ دیا تھا۔تاہم چین اور بھارت، دونوں جانب سے شی جنپنگ کی گالا ڈنر میں عدم شرکت یا ان کی قبل از وقت روانگی کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔دوسری جانب برکس سربراہی اجلاس کے دوران شی جنپنگ نے اعلان کیا کہ **اگلے سال ہونے والے 19ویں برکس سربراہی اجلاس کی میزبانی چین کرے گا۔