وجے سلورسٹون میں ریس شروع کرائیں گے، اجیت کمار خود مقابلے میں اتریں گے

تامل فلم انڈسٹری کے معروف اداکار تھلاپتی وجے اور اجیت کمار 12 ستمبر کو برطانیہ کے مشہور سلورسٹون سرکٹ میں ایک منفرد انداز میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، جہاں وجے مشیلن لی مانز کپ ریس کا افتتاح کریں گے جبکہ اجیت کمار خود ریس میں حصہ لیں گے۔تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ اور اداکار سی جوزف وجے کو 2026 مشیلن لی مانز کپ کے پانچویں راؤنڈ کے لیے خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ وہ سلورسٹون پہنچ کر سبز جھنڈی لہراتے ہوئے ریس کا آغاز کریں گے اور مقابلے میں شریک بھارتی ڈرائیورز کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔دوسری جانب اجیت کمار ’اجیت ریڈ اینٹ بائی وریج‘ کی نمائندگی کرتے ہوئے ایل ایم پی تھری پرو/ایم کیٹیگری میں حصہ لیں گے۔ وہ نمبر 16 لیگیر گاڑی فرانسیسی ڈرائیور رومین ووزنیاک کے ساتھ شیئر کریں گے۔اجیت کمار اداکاری کے ساتھ موٹر اسپورٹس میں بھی سرگرم ہیں اور 2026 کے سیزن میں مشیلن لی مانز کپ کا حصہ بنے ہیں۔سلورسٹون راؤنڈ میں بھارتی موٹر اسپورٹس کی نمائندگی صرف اجیت کمار تک محدود نہیں ہوگی۔ سابق فارمولا ون ڈرائیور نارائن کارتھیکیئن اور آدتیہ پٹیل بھی مقابلے میں بھارتی دستے کا حصہ ہوں گے۔وجے کی ریس میں شرکت ایسے وقت میں ہورہی ہے جب تامل ناڈو حکومت نے چنئی میں مخصوص موٹر اسپورٹس سٹی قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ریاست میں موٹر اسپورٹس کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینا ہے۔اجیت کمار نے اس منصوبے کو بھارت میں موٹر اسپورٹس کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا ہے۔مشیلن لی مانز کپ فارمولا ون سے مختلف نوعیت کی چیمپئن شپ ہے۔ فارمولا ون میں سنگل سیٹر گاڑی ایک ڈرائیور چلاتا ہے، جبکہ لی مانز کپ اینڈورنس ریسنگ چیمپئن شپ ہے، جس میں ایک گاڑی دو ڈرائیورز شیئر کرتے ہیں۔2016 میں شروع ہونے والی اس چیمپئن شپ کا مقصد ڈرائیورز کو اینڈورنس ریسنگ میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ یہاں سے ڈرائیور یورپی لی مانز سیریز اور بعد ازاں معروف 24 آورز آف لی مانز جیسے بڑے مقابلوں تک پہنچ سکتے ہیں۔چیمپئن شپ میں ایل ایم پی تھری، ایل ایم پی تھری پرو/ایم اور جی ٹی تھری کیٹیگریز شامل ہیں۔ اجیت کمار ایل ایم پی تھری پرو/ایم میں لی مانز پروٹوٹائپ گاڑی چلا رہے ہیں، جو فارمولا ون کی کھلے پہیوں والی سنگل سیٹر کار سے مختلف ہے۔2026 کے شیڈول میں بارسلونا، پال ریکارڈ، لی مانز، سپا فرانکورشامپس، سلورسٹون اور پورٹیماؤ جیسے معروف یورپی ریسنگ سرکٹس شامل ہیں۔سلورسٹون راؤنڈ 12 ستمبر کو 5.891 کلومیٹر طویل گرینڈ پری سرکٹ پر ہوگا اور ریس کا دورانیہ دو گھنٹے مقرر کیا گیا ہے۔اجیت کمار، نارائن کارتھیکیئن اور آدتیہ پٹیل کی شرکت موٹر اسپورٹس کے شائقین کی توجہ کا مرکز ہوگی، جبکہ تامل فلموں کے مداحوں کے لیے خاص دلچسپی کا باعث یہ منظر ہوگا کہ وجے ریس کا آغاز کرائیں گے اور اجیت کمار اسی ٹریک پر ریسنگ کرتے دکھائی دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے