مریم نواز کے لندن دورے کے اخراجات پر عظمیٰ بخاری کا ردعمل
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے دورہ لندن کے لیے صوبائی حکومت کے خصوصی جہاز کے استعمال پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دورے کے تمام اخراجات وزیراعلیٰ خود برداشت کریں گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وہ بطور وزیر اطلاعات پہلے ہی واضح کرچکی ہیں کہ وزیراعلیٰ مریم نواز اپنے لندن دورے کے تمام اخراجات ذاتی طور پر ادا کریں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے لندن روانگی سے قبل ہی اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کردی تھیں، تاہم دورہ مکمل ہونے سے پہلے ہی بعض حلقوں نے حقائق جانے بغیر تنقید اور پروپیگنڈا شروع کردیا۔عظمیٰ بخاری کے مطابق سرکاری نظام کے تحت کسی دورے کے اخراجات کا تخمینہ سفر مکمل ہونے کے بعد لگایا جاتا ہے اور اس کے بعد مقررہ طریقہ کار کے تحت چالان کے ذریعے ادائیگی کی جاتی ہے۔انہوں نے تنقید کرنے والوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دورہ ابھی مکمل نہیں ہوا اور اخراجات کا حتمی تخمینہ بھی سامنے نہیں آیا، اس کے باوجود معاملے کو سیاسی تنقید کا موضوع بنایا جارہا ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے اپنے بیان میں مخالفین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ جو لوگ ماضی میں قومی وسائل استعمال کرتے رہے، وہ اب دوسروں پر الزامات لگا رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز کے لندن دورے کے اخراجات کی ادائیگی مقررہ قانونی اور سرکاری طریقہ کار کے مطابق کی جائے گی۔خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن میں موجود ہیں۔