قائد ایوان کے بعد آزادکشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھی سامنے آگئے، نوٹیفکیشن جاری
مظفرآباد: آزادکشمیر میں نئی حکومت کے قیام اور قائد ایوان کے انتخاب کے بعد قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا تقرر بھی کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین کو قائد حزب اختلاف مقرر کر دیا گیا ہے، جس کا اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد چوہدری محمد یاسین نے آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن کی قیادت سنبھال لی۔ وہ اس سے قبل بھی 2016 سے 2021 تک ایوان میں قائد حزب اختلاف کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔چوہدری محمد یاسین نے حالیہ عام انتخابات میں ضلع کوٹلی کے دو حلقوں، حلقہ 5 چڑہوئی اور ایل اے 10 کوٹلی سٹی سے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ چڑہوئی کی نشست پر انہیں مسلم لیگ ن کے امیدوار راجا ریاست کے ہاتھوں شکست ہوئی، تاہم کوٹلی سٹی سے کامیابی حاصل کرکے وہ قانون ساز اسمبلی کا حصہ بننے میں کامیاب رہے۔چوہدری محمد یاسین کا تعلق ضلع کوٹلی کے علاقے چڑہوئی سے ہے اور ان کا شمار آزادکشمیر کے سینئر سیاست دانوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے عملی سیاست کا آغاز 1980 کی دہائی میں کیا اور 1985 میں پہلی مرتبہ ڈسٹرکٹ کونسلر کا انتخاب لڑا، تاہم کامیاب نہ ہو سکے۔1990 میں انہوں نے آزاد مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے پہلا پارلیمانی انتخاب لڑا اور اس وقت کے سینئر وزیر حاجی راجا اکرم کو شکست دے کر پہلی مرتبہ رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے۔آزاد مسلم کانفرنس 1992 میں جموں و کشمیر لبریشن لیگ میں ضم ہوئی، جو بعد ازاں شہید بینظیر بھٹو کی خواہش پر پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ بن گئی۔ چوہدری محمد یاسین نے 1996 کا انتخاب پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر لڑا اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔2001 کے انتخابات میں انہوں نے اپنے کزن چوہدری امین کو میدان میں اتارا، جنہوں نے کامیابی حاصل کی، جبکہ 2006 کے انتخابات میں چوہدری محمد یاسین کو مسلم کانفرنس کے امیدوار میجر (ر) منصف داد کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران وہ مشیر بلدیات کے منصب پر بھی فائز رہے۔2011 کے انتخابات میں چوہدری محمد یاسین ایک بار پھر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے اور آزادکشمیر کابینہ میں سینئر وزیر کا قلمدان سنبھالا۔ 2016 کے انتخابات میں انہوں نے مسلم لیگ ن کے راجا اقبال کو شکست دی، جس کے بعد 2021 تک قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے فرائض انجام دیتے رہے۔اب نئی حکومت کے قیام کے بعد انہیں ایک بار پھر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔