کینیڈا ، پاکستانی نژاد رکنِ پارلیمنٹ کی گاڑی پر حملہ، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں

کینیڈا کے شہر اسکاربورو میں پاکستانی نژاد رکنِ پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد کے گھر کے باہر کھڑی گاڑی کو نامعلوم افراد نے حملے کے بعد آگ لگا دی، تاہم واقعے کے وقت وہ اور ان کے اہلِ خانہ گھر کے اندر موجود تھے اور محفوظ رہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ رات تقریباً ڈیڑھ بجے پیش آیا، جب نامعلوم افراد نے سلمیٰ زاہد کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور فرار ہونے سے قبل اسے آگ لگا دی۔پولیس کے مطابق اسکاربورو کا مذکورہ علاقہ پُرامن اور محفوظ سمجھا جاتا ہے، اس لیے رہائشی علاقے میں پیش آنے والا یہ واقعہ تشویشناک ہے۔سلمیٰ زاہد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ حملے کے وقت وہ اور ان کے اہلِ خانہ گھر کے اندر موجود تھے اور خوش قسمتی سے سب محفوظ رہے۔ انہوں نے واقعے کو ناقابلِ یقین قرار دیا۔رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس نے مقامی پولیس کے تعاون سے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں واقعے کو نفرت پر مبنی جرم قرار دیے جانے کے امکان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔پولیس سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لے رہی ہے، تاہم تاحال ملزمان کا سراغ نہیں مل سکا اور واقعے کے محرکات بھی واضح نہیں ہوسکے۔واقعے کے بعد مسلم کمیونٹی نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات کینیڈا کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے