گجرات ,4 سالہ بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل، لاش کی تلاش جاری
گجرات:نواحی گاؤں کریم داد میں دو روز قبل لاپتا ہونے والی 4 سالہ بچی نور فاطمہ کے مبینہ زیادتی کے بعد قتل کی اطلاع پر علاقے میں تشویش اور غم کی فضا پھیل گئی۔پولیس حکام کے مطابق نور فاطمہ کو مبینہ طور پر اس کے کزن نے زیادتی کا نشانہ بنایا، جس کے بعد اسے قتل کرکے لاش بوری میں بند کر کے نالے میں پھینک دی گئی۔بچی کی لاش کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیموں کا گاؤں کریم داد کے قریب نالے میں آپریشن جاری ہے۔ تاہم رات کی تاریکی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مبینہ زیادتی اور قتل میں ملوث افراد کا تعین کرنے کے لیے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔واقعے کے بعد گاؤں کریم داد میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ اہل علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گمشدہ بچیوں کی لاشیں ملنے کے پے در پے واقعات نے پولیس کی کارکردگی سے متعلق بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ دو روز کے دوران 4 گمشدہ بچیوں کی لاشیں ملنے کے واقعات پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ نور فاطمہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کیس کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔