وزیراعظم آزاد کشمیر نامزدگی کے بعد افتخار گیلانی کا اہم اعلان سامنے آگیا
مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) — وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزد بیرسٹر افتخار گیلانی نے حکومت سازی کے بعد ریاست کو ترقی اور خوشحالی کی نئی سمت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے آئندہ حکومتی وژن کے اہم نکات سامنے رکھ دیے۔بیرسٹر افتخار گیلانی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) جہاں بھی حکومت میں آئی، وہاں عوامی حقوق کے تحفظ، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعمیر و ترقی کے عمل کو ترجیح دی گئی۔ آزاد کشمیر میں بھی عوامی خدمت اور ترقی کے اسی ماڈل کو عملی شکل دینے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاق میں وزیراعظم شہباز شریف اور پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ترقیاتی وژن سے رہنمائی لیتے ہوئے آزاد کشمیر میں بھی ایک مربوط اور مؤثر ترقیاتی پروگرام شروع کیا جائے گا۔ حکومت کی توجہ ایسے منصوبوں پر مرکوز ہوگی جو براہِ راست عوام کی زندگیوں میں بہتری لائیں اور ریاست میں ترقی کے عمل کو تیز کریں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا وژن صرف حکومت سازی تک محدود نہیں بلکہ عوامی خدمت، حقوق کے تحفظ، معاشی بہتری، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پائیدار تعمیر و ترقی اس کی بنیادی ترجیحات ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑے اور مؤثر منصوبے شروع کیے جائیں گے، تاکہ شہریوں کو تعلیم، صحت، سڑکوں، روزگار، بنیادی سہولیات اور دیگر شعبوں میں بہتر مواقع اور حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔بیرسٹر افتخار گیلانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں آزاد کشمیر میں ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ان کے مطابق حکومت کی کوشش ہوگی کہ ترقی کے ثمرات ریاست کے ہر علاقے اور ہر طبقے تک پہنچیں اور عوام کو ایک بہتر، محفوظ اور خوشحال مستقبل فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو ترقی کے نئے سفر پر گامزن کرنا، عوامی مسائل کا حل اور ریاست کے وسائل کو عوام کی فلاح کے لیے بروئے کار لانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہوگا۔