پاکستان کی سفارتی کوششیں تیز، ایرانی قیادت سے جنگ بندی اور آبنائے ہرمز پر بات چیت
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کا ایک روزہ دورہ مکمل کرلیا، جس میں جنگ بندی، آبنائے ہرمز کی دوبارہ بحالی اور امریکا، ایران تنازع کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں پر اہم بات چیت کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ دورہ ایران، امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حصہ تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کا مقصد موجودہ تعطل ختم کرنے، کشیدگی میں کمی لانے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کی راہ ہموار کرنا تھا۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں سپریم لیڈر کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے فوری خاتمے کے لیے ممکنہ اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں جانب سے علاقائی امن کے فروغ اور تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی راہوں پر بھی غور کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا۔ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے استقبال کیا۔