ڈیپورٹ ہوکر پاکستان پہنچنے والے 10 افراد گرفتار، پاسپورٹ اور موبائل فون قبضے میں لے لیے گئے

اسلام آباد ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے ترکی، اٹلی، کویت اور سعودی عرب سے ڈیپورٹ ہونے والے 10 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ 1974 کی دفعات 3 اور 4 کے تحت مقدمات درج کرلیے۔ایف آئی اے کے مطابق تمام افراد مختلف ممالک سے ڈیپورٹ ہونے کے بعد اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تھے، جہاں ابتدائی کارروائی کے بعد انہیں حراست میں لے کر مقدمات درج کیے گئے۔تحقیقات کے مطابق گرفتار افراد میں سے 6 کو ترکی سے ڈیپورٹ کیا گیا تھا، جن پر یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش کا الزام ہے۔ اٹلی، کویت اور سعودی عرب سے ڈیپورٹ ہوکر آنے والے دیگر افراد پر غیر قانونی داخلے، اوور اسٹے اور بھیک مانگنے سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ایف آئی اے حکام نے تمام ملزمان کے پاسپورٹ، سفری دستاویزات اور موبائل فونز تحقیقات کے لیے قبضے میں لے لیے ہیں۔حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ بھی جائزہ لیا جائے گا کہ آیا کسی ایجنٹ یا سہولت کار نے ان افراد کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجنے میں معاونت کی۔ کسی فرد کے ملوث ہونے کا ثبوت ملنے پر اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد ندیم بخاری نے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک سفر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے