پی ٹی آئی ارکان کا سینیٹ سے واک آؤٹ، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی

اسلام آباد:سینیٹ میں بانی پی ٹی آئی کی صحت پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر تحریک انصاف کے ارکان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کورم کی نشاندہی کی اور ایوان سے واک آؤٹ کرگئے، جس کے بعد کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس کل دن 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین سیدال ناصر کی زیرصدارت ہوا۔ ایجنڈے پر کارروائی شروع ہوئی تو قائد حزب اختلاف راجہ ناصر عباس نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر اظہار خیال کرنا چاہا، جبکہ تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر بیرسٹر علی ظفر نے بھی اس حوالے سے قرارداد پیش کرنے کی اجازت طلب کی۔اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور نعرے بازی شروع کردی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سیدال ناصر نے کہا کہ جو معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہو، اس پر ایوان میں بات نہیں کی جاسکتی۔اس سے قبل بیرسٹر علی ظفر نے مطالبہ کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج و معالجے کے معاملے پر تحریک پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ ڈپٹی چیئرمین نے قائد حزب اختلاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بات کرنے کا وقت ضرور دیا جائے گا، تاہم پہلے ایوان کی کارروائی چلنے دی جائے۔سیدال ناصر نے کہا کہ بزنس چلنے دیں، ایوان قواعد کے مطابق چلے گا، کسی کی مرضی کے مطابق نہیں۔احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کی سینیٹر مشعال یوسفزئی نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کردی، جس کے بعد تحریک انصاف کے ارکان احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے باہر چلے گئے۔کورم پورا کرنے کے لیے گھنٹیاں بجائی گئیں، تاہم مطلوبہ تعداد پوری نہ ہوسکی۔ بعدازاں ڈپٹی چیئرمین نے سینیٹ کا اجلاس کل دن 11 بجے تک ملتوی کردیا۔دوسری جانب اجلاس میں متعدد اہم ترمیمی بل بھی پیش کیے گئے جنہیں متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے