مظفرآباد فوڈ اتھا رٹی کی بڑی کارروائی ، غیر رجسٹرڈ شہداور ایپل ونیگرکی بھاری کھیپ ضبط
عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے پولیس چوکی برارکوٹ کے ہمراہ برارکوٹ ناکہ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ شہد (Honey) اور ایپل سائڈر ونیگر (Apple Cider Vinegar) کی بھاری کھیپ ضبط کر لی۔تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی ٹیم نے ناکہ بندی کے دوران مختلف گاڑیوں کی چیکنگ کی، جہاں “Naran Foods” کے نام سے فروخت ہونے والی ہنی اور ایپل سائڈر ونیگر کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب متعلقہ کمپنی اپنی مصنوعات سے متعلق قانونی رجسٹریشن، کوالٹی رپورٹس، لیبارٹری تجزیہ اور معیار سے متعلق مطلوبہ دستاویزات پیش نہ کر سکی۔فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق ضبط شدہ اشیا کے سیمپلز حاصل کر کے تفصیلی لیبارٹری تجزیہ کیلئے ارسال کیے جا رہے ہیں تاکہ “فارسٹ ہنی” کے دعوؤں کی سائنسی بنیادوں پر جانچ کی جا سکے اور یہ معلوم ہو سکے کہ آیا مصنوعات مقررہ فوڈ سیفٹی معیار پر پورا اترتی ہیں یا نہیں۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر/فوڈ سیفٹی آفیسر مظفرآباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو محفوظ، خالص اور معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے، جبکہ غیر رجسٹرڈ، بغیر تصدیق شدہ اور مشکوک خوراک کسی صورت مارکیٹ میں فروخت نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ نہ ہونے والی اور مطلوبہ لیبارٹری رپورٹس کے بغیر فروخت کی جانے والی تمام اشیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت تادیبی اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔شہری کسی بھی مشکوک، ناقص یا غیر معیاری خوراک سے متعلق شکایت فوری طور پر فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1280 پر درج کروائیں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے