عیدالاضحیٰ کے موقع پر آزاد کشمیر میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کا خدشہ ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر
ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر، سعید الرحمان قریشی نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر آزاد کشمیر میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق درجہ حرارت میں 5 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کے باعث پارہ 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جس سے ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے پیشِ نظر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے متعلقہ اداروں اور عوام الناس کے لیے ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، سایہ دار مقامات کا انتخاب کریں اور سورج کی تیز دھوپ میں براہِ راست کام کرنے سے حتیٰ الامکان اجتناب کریں تاکہ جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی جی ایس ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ متعلقہ اداروں کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جن کے تحت محکمہ صحت اسپتالوں میں ہیٹ ویو سینٹرز قائم کرے گا اور تمام صحت کے مراکز میں عوامی آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا تاکہ ممکنہ خطرات سے بروقت نمٹا جا سکے۔