سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ون ونڈو آپریشن متعارف کرایا جائے گا، وزیراعظم

مظفرآباد:وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزاد کشمیر کی وسیع معاشی استعداد اور پُرامن ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خطے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات بورڈ آف انویسٹمنٹ کے نو تعینات چیئرمین چوہدری رضوان انور سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور آزاد کشمیر میں کاروباری سرگرمیوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے مسائل اور تحفظات دور کرنے، انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ون ونڈو آپریشن متعارف کرائے گی۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت، آبی وسائل اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ، علاقائی معیشت کو استحکام اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔افتخار گیلانی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو قانونی تحفظ فراہم کرنا اور ان کی سرمایہ کاری کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں محفوظ، سازگار اور کاروبار دوست ماحول یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔اس موقع پر وزیراعظم نے چوہدری رضوان انور کی بطور چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا۔چوہدری رضوان انور نے انہیں یہ ذمہ داری سونپنے پر وزیراعظم افتخار گیلانی کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے