1مئی سے 10 مئی تک یکجہتی پاک فوج“ پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا،چوہدری رفیق نئیر
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات،مذہبی امور و اوقاف چوہدری محمد رفیق نئیرنے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی خصوصی ہدایت پر یکم مئی 2026 سے 10 مئی 2026 تک ”یکجہتی پاک فوج“ پورے آزاد جموں و کشمیر میں نہایت جوش و جذبے اور ملی ولولے کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر ریاست بھر میں قومی پرچم لہرا کر افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ان دس دنوں کے دوران آزاد کشمیر کے تمام اضلاع، تحصیلوں اور قصبوں میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرایا جائے گا، جبکہ مختلف تقاریب، سیمینارز، ریلیوں اور خصوصی دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان تقریبات میں پاک فوج کی قربانیوں، بہادری اور ملک کے دفاع میں ادا کیے گئے تاریخی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہا کہ پوری کشمیری قوم اپنی بہادر پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہے جس نے ہمیشہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور معرکہ حق میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام اور افواجِ پاکستان کا رشتہ لازوال اور ناقابلِ تسخیر ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی قومی سلامتی، استحکام اور کشمیر کی آزادی کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ رہیں گے۔
٭٭٭٭