پاکستان اور قطر کا سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

دوحہ: پاکستان اور قطر نے سیکیورٹی شراکت داری مزید مضبوط بنانے اور داخلی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان داخلی سلامتی سے متعلق تعاون کو وسعت دینے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے اپنی اپنی وزارتوں کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور داخلی سلامتی کے شعبے میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور قطر علاقائی امن اور استحکام کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور، بالخصوص داخلی سلامتی اور علاقائی استحکام کے حوالے سے قطر کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔قطری وزیر داخلہ نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔یہ ملاقات دوحہ میں آٹھویں گلوبل سیکیورٹی فورم سے ایک روز بعد ہوئی، جہاں محسن نقوی نے کہا تھا کہ پاکستان اور قطر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کیا ہے۔گلوبل سیکیورٹی فورم سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے واشنگٹن اور تہران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مواقع بھی آئے جب کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا، تاہم اسلام آباد نے اپنی سفارتی کوششیں ترک نہیں کیں۔انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے قطر کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر نے خطے میں مزید کشیدگی روکنے کے لیے مل کر کام کیا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ امن ایک ملاقات سے حاصل نہیں کیا جا سکتا، بلکہ اس کے لیے صبر، اعتماد اور مسلسل کوششوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے تنازعات کے حل کے لیے مسلسل سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے