ڈی ایچ کیو اسپتال باغ میں مبینہ غفلت، وزیراعظم آزاد کشمیر کا تحقیقات کا حکم
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار افتخار گیلانی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) اسپتال باغ میں مبینہ طبی غفلت کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔واقعے کی تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس میں سینئر گائناکالوجسٹ ڈاکٹر شاہدہ پروین اور سینئر سرجیکل اسپیشلسٹ ڈاکٹر اکرم شامل ہیں۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تحقیقات مکمل کرکے 24 گھنٹوں کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔تحقیقات کا حکم اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد دیا گیا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال باغ میں ایک خاتون کی سرجری کے تقریباً ایک سال بعد اس کے پیٹ سے مبینہ طور پر 200 گرام سرجیکل پٹیاں برآمد ہوئیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کو واقعے کی شفاف تحقیقات یقینی بنانے اور مبینہ غفلت کے ذمہ دار افراد کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔