برازیل کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد کی ایئر چیف سے ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد:برازیل کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگیار فریئر کی قیادت میں ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ، دونوں فضائی افواج کے درمیان روابط بڑھانے اور پیشہ ورانہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی، جس میں مشترکہ تربیتی مواقع، پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے، آپریشنل تجربات کے تبادلے اور پاکستان و برازیل کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے برازیلی وفد کو پاک فضائیہ میں جاری جدید کاری اور مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ روایتی جنگی صلاحیتوں کے ساتھ خلائی، سائبر، مصنوعی ذہانت اور الیکٹرانک وارفیئر کے شعبوں پر مشتمل مربوط اور کثیرالجہتی آپریشنل نظام کی تشکیل پر کام کر رہی ہے۔سربراہ پاک فضائیہ نے تیزی سے بدلتے اور پیچیدہ سکیورٹی ماحول میں فضائی برتری برقرار رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مقامی دفاعی صلاحیتوں کے فروغ اور مسلسل آپریشنل تیاری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ابھرتے ہوئے دفاعی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ روابط مضبوط بنانے اور تجربات و مہارت کے تبادلے کو بھی ناگزیر قرار دیا۔برازیلی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل فریئر نے فضائی جنگ اور وسیع تر سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل پیشہ ورانہ تبادلوں، باہمی سیکھنے اور ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا تاکہ آپریشنل تیاریوں کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مضبوط کیا جا سکے۔ملاقات کے دوران دونوں جانب سے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور بالخصوص تربیت، پیشہ ورانہ تبادلوں اور آپریشنل تجربات کے اشتراک کے شعبوں میں عملی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔برازیلی دفاعی وفد کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ پاکستان اور برازیل کے درمیان باہمی اعتماد و افہام و تفہیم، فوجی روابط اور دفاع و فضائی سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا مظہر قرار دیا گیا۔