میڈیکل بورڈ کا عمران خان کی صحت پر جائزہ، بے چینی ’تھری پلس‘ قرار
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا 10 اگست کو اڈیالہ جیل میں ہونے والے طبی معائنے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق چار رکنی میڈیکل بورڈ نے عمران خان کی بے چینی (Anxiety) کی سطح کو تھری پلس‘ قرار دیا۔ میڈیکل بورڈ میں چار ماہر ڈاکٹرز شامل تھے، جن میں ماہر امراضِ قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر بھی شامل ہیں، جنہیں مبینہ طور پر لندن سے طلب کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں نے عمران خان کے بلڈ پریشر کی ادویات کا بھی جائزہ لیا اور ضرورت کے مطابق ان میں ردوبدل کی سفارش کی۔ میڈیکل بورڈ نے تجویز دی کہ بلڈ پریشر اور بے چینی کو قابو میں رکھنے کے لیے عمران خان کو روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ چہل قدمی کی اجازت دی جائے۔ ڈاکٹروں نے ذہنی صحت اور عمومی فلاح کے لیے اہلِ خانہ سے زیادہ ملاقات اور رابطے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ اخبارات، ٹیلی ویژن اور کتابوں تک رسائی دینے کی بھی سفارش کی۔ رپورٹ میں عمران خان کی مجموعی صحت برقرار رکھنے کے لیے مسلسل طبی نگرانی اور جسمانی سرگرمی جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ یہ طبی سفارشات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب عمران خان کی قید اور انہیں اہلِ خانہ، وکلا اور دیگر ملاقات کرنے والوں تک رسائی سے متعلق سیاسی بحث جاری ہے۔