پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ، حکومت نے جماعت اسلامی سے مزید وقت مانگ لیا
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف اور جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کے درمیان ملاقات کے بعد حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر جماعت اسلامی سے مزید وقت مانگ لیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے جماعت اسلامی سے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے حل تک اسے کچھ وقت دیا جائے۔ حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی کے مطالبات پر پیش رفت کی جائے گی اور موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے بعد ان معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمٰن کے درمیان ایک اور ملاقات بھی متوقع ہے۔دوسری جانب حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت پر واضح کیا کہ جماعت اسلامی کے پاس مزید وقت ضائع کرنے کی گنجائش نہیں۔ جماعت اسلامی نے حکومت سے اپنے وعدوں پر عملی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ محض زبانی یقین دہانیاں کافی نہیں ہوں گی۔جماعت اسلامی کا اہم مطالبہ پیٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ ہے، جس کے لیے پارٹی حکومت سے ٹھوس اقدامات چاہتی ہے۔جماعت اسلامی کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان 7 اکتوبر کو غزہ مارچ کے موقع پر متوقع ہے۔واضح رہے کہ حافظ نعیم الرحمٰن نے اس سے قبل جماعت اسلامی کا لانگ مارچ ملتان پہنچنے کے بعد وزیراعظم کی یقین دہانی پر عارضی طور پر روک دیا تھا۔ وزیراعظم نے وطن واپسی پر جماعت اسلامی کے مطالبات پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔اس سے قبل جماعت اسلامی نے اپنے مطالبات کے حق میں ملک بھر میں ایک ماہ تک احتجاجی دھرنے بھی دیے تھے۔