جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کاغیر معینہ مدت کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان
مظفرآباد:جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے گزشتہ برس 4 اکتوبر کو حکومت آزاد جموں و کشمیر اور حکومت پاکستان کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف آج 4 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے اور آزاد جموں و کشمیر بھر میں غیر معینہ مدت کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی گزشتہ تین سال سے زائد عرصے سے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ اعلامیے کے مطابق گزشتہ برس 4 اکتوبر کو حکومت آزاد جموں و کشمیر اور حکومت پاکستان نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا، تاہم اس پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا گیا۔اعلامیے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ معاہدے پر عملدرآمد کیلئے مقررہ مدت مکمل ہونے کے بعد جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے پرامن لانگ مارچ کی کال دی، تاہم اس سے قبل 5 جون سے کریک ڈاؤن شروع کیا گیا اور تحریک کو روکنے کی کوشش کی گئی۔جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں دعویٰ کیا کہ اس دوران آزاد جموں و کشمیر بھر میں متعدد شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے جبکہ کمیٹی کے کور کمیٹی ارکان خواجہ مہران ارشد ایڈووکیٹ، عابد شاہین سمیت ہزاروں شہریوں کی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ مبینہ ظلم و جبر کے باوجود جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے مسائل کے پُرامن حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا، تاہم کمیٹی کے مطابق حکمران طبقے کی جانب سے وعدوں پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔کمیٹی نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے تاجروں، ٹرانسپورٹرز، علماء، وکلاء، طلبہ اور مختلف عوامی ایکشن کمیٹیوں سے طویل مشاورت کے بعد 4 اکتوبر کو معاہدے کی پہلی سالگرہ کے موقع پر دونوں حکومتوں کی مبینہ عہد شکنی اور ریاستی کارروائیوں کے خلاف یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق 4 اکتوبر سے آزاد جموں و کشمیر بھر میں غیر معینہ مدت کیلئے مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کو کامیاب بنائیں اور تحریک کے مقاصد کے حصول میں اپنا کردار ادا کریں۔کمیٹی نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی جانب سے تحریک میں کردار کو بھی سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ اوورسیز کشمیری آئندہ بھی تحریک کی حمایت جاری رکھیں گے۔اعلامیے میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی حقوق کے دفاع اور تحریک کی کامیابی کیلئے ہر صورت پُرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی