پیٹرول اور ڈیزل مزید سستے، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سےہوگا
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز کمی کردی۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے 25 ستمبر کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمتوں کا تعین کیا گیا، جس کا وزارت پیٹرولیم نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 412 روپے 12 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی۔پیٹرول کی قیمت میں بھی 84 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 389 روپے 28 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔وزارت پیٹرولیم کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 25 ستمبر کی رات 12 بجے سے ہوگا۔ اوگرا کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پلاٹس ریٹس، پیٹرولیم مصنوعات کے پریمیم اور دیگر عوامل میں تبدیلی کے باعث قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔