سعودی عرب ،ریڈ سی فلم فیسٹیول ایک سال کیلئے ملتوی
جدہ:سعودی عرب کے شہر جدہ میں دسمبر 2026 میں ہونے والا ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایک سال کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے، اب فیسٹیول کا چھٹا ایڈیشن 2027 کی آخری سہ ماہی میں منعقد ہوگا۔ریڈ سی فاؤنڈیشن نے 21 ستمبر کو اعلان کیا کہ جامع جائزے کے بعد فیسٹیول کو ایک سال آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیسٹیول کا انعقاد 3 سے 12 دسمبر 2026 تک جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں ہونا تھا، تاہم 2027 کی حتمی تاریخوں کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔فاؤنڈیشن کے مطابق فیسٹیول کے انعقاد کے وقت اور ایک بڑے بین الاقوامی ایونٹ کیلئے درکار انتظامی و لاجسٹک تقاضوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ مقصد فیسٹیول کو ایسے وقت اور حالات میں منعقد کرنا ہے جہاں ناظرین کو وہ تجربہ فراہم کیا جاسکے جس کیلئے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول جانا جاتا ہے۔فیسٹیول کے التوا کے باوجود ریڈ سی فاؤنڈیشن کی سال بھر جاری رہنے والی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ ریڈ سی فنڈ اور ریڈ سی لیبز بھی اپنا کام جاری رکھیں گے، جبکہ نومبر 2026 سے تاریخی جدہ کے کلچر اسکوائر میں سال بھر کیلئے نئی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔فاؤنڈیشن نے فلم سازوں، شراکت داروں، مہمانوں اور ناظرین کا مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔ فیسٹیول کے التوا سے متاثر ہونے والے فلم جمع کرانے والے افراد اور ایکریڈیٹیشن ہولڈرز کو رقم کی واپسی سمیت مزید معلومات کیلئے فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اعلان کے ابتدائی 30 منٹ کے دوران سوشل میڈیا پر سیکڑوں ردعمل سامنے آئے۔ ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول گزشتہ چند برسوں کے دوران خطے کے نمایاں ثقافتی اور فلمی اجتماعات میں شامل رہا ہے، جس میں عالمی شہرت یافتہ اداکاروں، فلم سازوں اور فلمی صنعت سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی ہے۔فیسٹیول سعودی عرب میں تفریح اور سنیما کے شعبے کو وسعت دینے کی وسیع تر کوششوں کا بھی حصہ رہا ہے۔ 2027 تک التوا کے باعث عرب فلم انڈسٹری اور سعودی عرب میں کاروباری مواقع تلاش کرنے والے عالمی فلمی عہدیداروں کیلئے ایک سال کا خلا پیدا ہوگا۔دوسری جانب خطے کے فلمی منظرنامے میں بھی تبدیلیاں جاری ہیں۔ بحال ہونے والا دبئی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایک دہائی کے وقفے کے بعد 8 دسمبر 2027 سے اپنی نئی ایڈیشن سرگرمیوں کا آغاز کرنے والا ہے۔