علیمہ خان 3 ایم پی او کے تحت گرفتار، کوٹ لکھپت منتقل
لاہور:بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو پولیس نے لاہور سے 3 ایم پی او کے تحت حراست میں لے کر کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا۔ذرائع کے مطابق علیمہ خان اپنے گھر سے ڈرائیور کے ہمراہ جم خانہ جانے کے لیے روانہ ہوئی تھیں کہ لٹن روڈ پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ ان کی گاڑی پولیس اسٹیشن منتقل کردی گئی۔لاہور کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری حکم کے مطابق علیمہ خان کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس کی دفعہ 3 کے تحت 30 روز کے لیے حراست میں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ حکم میں عوامی تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے سے متعلق خدشات کا حوالہ دیا گیا ہے۔علیمہ خان کی گرفتاری پر پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ردعمل دیتے ہوئے مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا احتجاج پُرامن اور سیاسی ہوگا اور کسی قسم کا تصادم یا تشدد نہیں چاہتی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آئینی و سیاسی مطالبات کے لیے پُرامن جدوجہد ان کی جماعت کا مقصد ہے، جبکہ علیمہ خان کو گرفتار یا ایم پی او کے تحت نظر بند کرنا کشیدگی کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے حکومت سے علیمہ خان کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔