بیٹیاں نعمت ہیں‘، انیل کپور نے خاندانی زندگی کے اہم پہلو سے پردہ اٹھا دیا
بالی ووڈ کے تجربہ کار اداکار انیل کپور نے اپنی خاندانی زندگی اور کامیابیوں پر گفتگو کرتے ہوئے بیٹیوں سونم اور ریا کپور کے لیے خصوصی جذبات کا اظہار کیا ہے۔69 سالہ انیل کپور نے ’دی انیل کپور شو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے بیٹیاں کسی نعمت سے کم نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ اپنے خاندان کے لیے کمانے کی خاطر مسلسل کام کرتے ہیں، تاہم حقیقت میں ان کے لیے خاندان کی اہمیت اس سے کہیں زیادہ ہے۔اداکار نے اپنی زندگی کا ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب ان کی بیٹی ریا کی پیدائش ہوئی تو وہ اسپتال دیر سے پہنچے تھے۔ ان کے مطابق انہیں اس بات کا افسوس رہا کہ وہ بروقت اسپتال پہنچ کر اپنی بیٹی کو دیکھ نہیں سکے اور وہ پوری رات اسی احساس کے باعث پریشان رہے۔انیل کپور نے کہا کہ ریا کی پیدائش نے انہیں یہ احساس دلایا کہ بیٹی کا ہونا زندگی میں ایک اضافی خوشی ہے۔ ان کے مطابق چونکہ ان کی دو بیٹیاں سونم اور ریا ہیں، اس لیے یہ خوشی ان کے لیے دگنی ہوگئی۔اداکار نے 1983 میں ریلیز ہونے والی فلم ’وہ سات دن‘ سے نمایاں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کیریئر کے دوران انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی الگ شناخت قائم کی۔انیل کپور اب بھی شوبز سے وابستہ ہیں اور ان دنوں ایک کوئز شو کی میزبانی کر رہے ہیں۔