کریڈٹ کارڈ کے استعمال سے آٹھ سالہ روپوشی کا خاتمہ، مفرور شخص گرفتار
ترکیہ میں پولیس نے آٹھ برس سے مفرور توغرل بار کو گرفتار کرلیا، جو مبینہ طور پر اپنی بہن کا شناختی کارڈ استعمال کرتے ہوئے خاتون کا بھیس بدل کر روپوش ترک حکام کے مطابق تفتیش کاروں کو اس وقت توغرل بار تک پہنچنے میں اہم پیش رفت ہوئی جب اس کی بہن کے کریڈٹ کارڈز سے ہونے والی خریداریوں اور دیگر مالی سرگرمیوں کا سراغ ملا۔حکام کے مطابق یہ مالی لین دین ایسے وقت میں کیا گیا جب سرکاری ریکارڈ میں بار کی بہن کو ترکیہ سے باہر موجود ظاہر کیا جارہا تھا۔ مشکوک سرگرمی سامنے آنے کے بعد تفتیش کاروں نے متعلقہ مقام کی نگرانی شروع کردی۔بعد ازاں پولیس نے مذکورہ مقام پر چھاپہ مارا، جہاں سے ایک شخص کو حراست میں لیا گیا جو مبینہ طور پر خاتون کا لباس پہنے ہوئے تھا۔پولیس اسٹیشن میں فنگر پرنٹس کی جانچ کے دوران زیرحراست شخص کی شناخت توغرل بار کے طور پر ہوئی، جس کے بعد اس کی آٹھ سالہ روپوشی کا خاتمہ ہوگیا۔پولیس نے بار کو اس کی سابقہ سزا کی باقی مدت پوری کرنے کے لیے جیل منتقل کردیا ہے۔دوسری جانب استغاثہ نے اس کے خلاف نئی تحقیقات بھی شروع کردی ہیں، جن میں شناخت کی نقالی، سرکاری دستاویزات میں جعل سازی یا ان کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق الزامات شامل ہیں۔ان نئے الزامات کے تحت توغرل بار کو مزید قانونی کارروائی اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔