پی آئی اے پرواز میں بچے کی طبیعت خراب، لینڈنگ کے فوری بعد اسپتال منتقل
پاکستان سے برطانیہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 701 میں سوار ایک بچے کی دورانِ پرواز طبیعت خراب ہوگئی، جسے مانچسٹر ایئرپورٹ پر طیارے کی لینڈنگ کے فوراً بعد ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق بچے کو دورانِ پرواز میڈیکل ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑا۔ بچے کا مانچسٹر میں آرگن ٹرانسپلانٹ** ہونا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ بچے کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے اور اسپتال منتقلی کے انتظامات یقینی بنانے کے لیے پرواز کے کپتان کیپٹن مجیب نے مانچسٹر ٹاور کو میڈیکل ایمرجنسی سے آگاہ کیا۔ایئر ٹریفک کنٹرول کو ہنگامی صورتحال سے متعلق اطلاع دینے کا مقصد یہ تھا کہ طیارے کے لینڈ کرتے ہی بچے کے لیے ایمبولینس اور دیگر ضروری طبی سہولیات دستیاب ہوں۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق مانچسٹر ایئرپورٹ پر ایمبولینس پہلے ہی موجود تھی، جبکہ پی آئی اے کا بوئنگ 777طیارہ بحفاظت لینڈ کرگیا۔پرواز پی کے 701 میں 300 سے زائد مسافر سوار تھے۔