آزاد کشمیر صدارتی انتخاب: ڈاکٹر نجیب نقی کا نام فائنل

اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر میں صدارتی انتخاب 24 ستمبر 2026 کو ہوگا، جس کے لیے سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ریاستی صدر کے منصب کے لیے سابق وزیر حکومت ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کے نام کو ممکنہ امیدوار کے طور پر حتمی شکل دے دی ہے، تاہم باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق مری میں مسلم لیگ (ن) کے اہم اجلاس میں آزاد کشمیر کے صدارتی انتخاب کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم پاکستان کے مشیر رانا ثناء اللہ اور دیگر مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر، بالخصوص پونچھ ڈویژن کی سیاسی صورتحال اور مختلف امیدواروں کی سیاسی حیثیت کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد ڈاکٹر نجیب نقی خان کے نام کو ترجیح دی گئی۔ اجلاس میں سابق وزراء چوہدری محمد سعید اور مشتاق منہاس کے نام بھی زیر غور آئے۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نجیب نقی خان کی بطور صدارتی امیدوار باضابطہ نامزدگی کا اعلان آئندہ ایک روز میں متوقع ہے۔ آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی عددی پوزیشن کے باعث پارٹی قیادت اپنے امیدوار کی کامیابی کے حوالے سے پُراعتماد ہے۔ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا تعلق پلندری، ضلع سدھنوتی سے ہے اور وہ آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک معروف نام سمجھے جاتے ہیں۔ وہ سابق وزیر حکومت رہنے کے علاوہ سدھنوتی سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسمبلی بھی ہیں۔ ان کا مقابلہ پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کے مشترکہ امیدوار مولانا سعید یوسف سے ہونا تھا۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی جانب سے بھی صدارتی انتخاب کے لیے سیاسی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا نام بھی ممکنہ صدارتی امیدواروں میں زیرِ غور بتایا جا رہا ہے۔ڈاکٹر نجیب نقی خان کا تعلق ایک ایسے سیاسی و سماجی خاندان سے ہے جس نے پونچھ اور آزاد کشمیر میں سیاسی، قومی اور تعلیمی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ ان کے خاندان کے بزرگ کرنل خان محمد خان نے 1947ء کی جنگ آزادی کے دوران ڈوگرا راج کے خلاف جدوجہد میں کردار ادا کیا اور خطہ پونچھ و میرپور کی آزادی کی تحریک میں حصہ لیا۔ انہیں تعلیمی میدان میں خدمات کے حوالے سے سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کے قیام سے بھی منسوب کیا جاتا ہے۔ڈاکٹر نجیب نقی خان کے والد کرنل (ر) محمد نقی خان نے بھی خطے میں تعلیم کے فروغ کے لیے خدمات انجام دیں۔ کیڈٹ کالج پلندری کے قیام اور منظوری کے حوالے سے ان کے کردار کو اہم قرار دیا جاتا ہے۔دریں اثنا چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے صدارتی انتخاب کا باضابطہ شیڈول جاری کر رکھا ہے۔ شیڈول کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر کا انتخاب 24 ستمبر 2026 کو ہوگا۔صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 19 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ریٹرننگ افسر اور چیف الیکشن کمشنر کے پاس جمع کرائے جا سکیں گے، جبکہ اسی روز کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال بھی ہوگی۔امیدوار 23 ستمبر کو صبح 11 بج کر 30 منٹ تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 24 ستمبر کو آزاد کشمیر اسمبلی سیکرٹریٹ میں صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوگی۔ پولنگ مکمل ہونے کے بعد اسی روز ووٹوں کی گنتی اور حتمی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔آزاد کشمیر کے صدر کا انتخاب آئینی طریقہ کار کے تحت اکثریت کی بنیاد پر ہوگا، جبکہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے امیدواروں کے حتمی نام سامنے آنے کے بعد صدارتی انتخاب کے حوالے سے سیاسی صورت حال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے