پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں 3دن سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے پر غور
پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور ایندھن کی بچت کے پیش نظر وفاقی حکومت نے ملک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن اور ہفتے میں تین تعطیلات دینے سمیت مختلف اقدامات پر غور شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق امریکا ایران جنگ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے نمٹنے کے لیے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو غیر ضروری نقل و حرکت محدود کرنے کے مختلف آپشنز زیر غور ہیں، جبکہ ہفتے کے باقی چار روز معمول کے مطابق کاروباری اور سرکاری سرگرمیاں جاری رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے سرکاری، کاروباری اور عوامی سرگرمیوں پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ تمام تجاویز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد حتمی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی، جس کی روشنی میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے اعلان سے متعلق فیصلہ متوقع ہے۔تین روزہ تعطیلات کے فیصلے سے قبل مختلف وزارتوں اور متعلقہ اداروں سے بھی تجاویز لینے کا فیصلہ زیر غور ہے۔ مجوزہ اقدامات کا مقصد پیٹرول کی بچت، غیر ضروری سفر میں کمی اور توانائی کے استعمال کو محدود کرنا ہے۔سرکاری ملازمین کے لیے باری باری حاضری کا نظام متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس نظام کے تحت تمام ملازمین کو روزانہ دفاتر بلانے کے بجائے مختلف گروپس کی صورت میں حاضری مقرر کی جائے گی، تاکہ آمدورفت اور ایندھن کے استعمال میں کمی لائی جاسکے۔حکومت سرکاری گاڑیوں کی تعداد کم کرنے کے آپشن کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ ایک تجویز کے تحت سرکاری گاڑیوں میں سے 50 فیصد کو گراؤنڈ کرکے ایندھن کے استعمال اور سفری اخراجات میں کمی لانے پر غور کیا جارہا ہے۔حتمی فیصلہ تمام تجاویز اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کی آراء کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم کی جانب سے کیے جانے کا امکان ہے۔