کارکن کی ہلاکت، سہیل آفریدی کا لاہور میں احتجاجی تحریک کے لائحہ عمل کا اعلان
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف مبینہ کریک ڈاؤن کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ کل لاہور میں پنجاب اسٹریٹ موومنٹ کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ لاہور میں مبینہ پولیس تشدد کے باعث جاں بحق ہونے والے کارکن اشتیاق احمد کے گھر بھی جائیں گے اور اہل خانہ سے تعزیت کریں گے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف غیرقانونی چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ان کے مطابق عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریوں کے دوران کارروائی کے دوران سینئر کارکن اشتیاق احمد مبینہ طور پر گرم تیل کے کڑاہے میں گر گئے تھے، جس کے نتیجے میں وہ جھلس کر زخمی ہوئے اور بعدازاں جاں بحق ہوگئے۔سہیل آفریدی نے پنجاب حکومت اور اس کے مبینہ ہینڈلرز کو کارکنوں کے خلاف کارروائیوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ وہ کل لاہور میں اشتیاق احمد کی رہائش گاہ پر اظہارِ تعزیت کے لیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید اعلان کیا کہ وہ لاہور میں ہی پنجاب اسٹریٹ موومنٹ کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔