ہماری ثقافت و روایات ملتی ہیں, پاکستان سے دوستی پر فخر ہے، سفیر ازبکستان

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات ازبکستان کے سفیر علی شیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر ہمیں فخر ہے، دونوں ممالک کی ثقافت اور روایات میں گہری مماثلت پائی جاتی ہے جبکہ باہمی تعلقات اب حکومتی سطح سے بڑھ کر عوامی سطح تک منتقل ہو رہے ہیں۔ازبکستان کے 35ویں یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ازبک سفیر علی شیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی کاوشوں سے پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے رشتے مضبوط بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ازبکستان خطے میں ترقی کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور پڑوسی ممالک کے لیے اپنے دروازے کھول رہا ہے۔ نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم اور دیگر مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا جا سکے۔علی شیر کا کہنا تھا کہ ازبکستان نے پانی کے تحفظ کے لیے جامع منصوبے تیار کیے ہیں اور وہ خطے میں ترقی، استحکام اور خودمختاری پر یقین رکھتا ہے۔ازبک سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان عوامی روابط بڑھانے کے لیے فضائی اور دیگر سفری روٹس کے حوالے سے بھی کوششیں جاری ہیں۔ پاکستان کے شہریوں کے لیے لاہور اور کراچی سے ازبکستان کے لیے فضائی سروس دستیاب ہے، جس سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں اور باہمی آگاہی میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات اب حکومتوں تک محدود نہیں رہے بلکہ عوامی سطح پر بھی مضبوط ہو رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان کو ازبکستان کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر ہے اور پاکستانی حکومت ازبکستان کی حکومت اور عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ دونوں ممالک سیاحت، تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں، جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے ازبکستان کی حکومت اور عوام کو یومِ آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کی دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے