بلاول بھٹو نے منگنی اور شادی کی خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا، خاندان ہی اعلان کرے گا
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی منگنی اور شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی نجی زندگی سے متعلق کسی بھی فیصلے کا اعلان خاندان کی جانب سے کیا جائے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سوشل میڈیا نے ان کی منگنی اور شادی کروا دی، حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے حوالے سے کسی بھی خبر کی تصدیق یا اعلان خاندان کی جانب سے کیا جائے گا۔گزشتہ دو روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ صدر مملکت، پیپلزپارٹی کی قیادت اور خاندان کے دیگر اہم افراد آسٹریا میں موجود ہیں، جہاں بلاول بھٹو کے رشتے کی بات پکی کی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ ان کے لیے جس لڑکی کا انتخاب کیا گیا ہے، ان کا نام پرنسز گلوریا ہے۔بلاول بھٹو کے پاکستان سے یورپی ملک روانہ ہونے کے بعد ان افواہوں کو مزید تقویت ملی، تاہم پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے اب خود ان کی تردید کردی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کی منگنی اور شادی سے متعلق خبریں سانحہ پمز پر پردہ ڈالنے کے لیے چلائی گئیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر صحت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور انتظامی یونٹس کے مطالبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی نے اس معاملے پر انتہائی دلیرانہ مؤقف اختیار کیا ہے۔پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ کاروباری شخصیات کے ساتھ مل کر ایک وفاقی وزیر ملک کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی بات کر رہا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر جاری اس ’’تماشے‘‘ کو نظر انداز کیا جائے اور اصل مسائل کو اجاگر کیا جائے۔واضح رہے کہ بلاول بھٹو سے متعلق شادی کی خبریں سامنے آنے کے بعد ان کے ترجمان اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی ان کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے چکے ہیں۔