پنجاب، خیبرپختونخوا میں 5 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی، انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مون سون کے نئے اسپیل کے پیش نظر متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں مون سون کے آٹھویں اسپیل کے تحت 29 اگست سے 5 ستمبر تک بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، گجرات، لاہور، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپورتھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن میں بارشیں متوقع ہیں۔پی ڈی ایم اے نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور بارشوں سے قبل ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، اس لیے شہری خراب موسم میں احتیاط کریں اور بوسیدہ یا کچے مکانات میں رہائش اختیار کرنے سے گریز کریں۔ ان کے مطابق مون سون کے دوران کچے مکانات گرنے سے حادثات اور اموات کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔سیف انور نے شہریوں کو آندھی اور طوفان کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں کو نشیبی علاقوں، کھڑے پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رکھیں۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بھی 29 اگست سے 5 ستمبر تک صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں کے امکان کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، کوہستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر اور مہمند میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔یکم سے 4 ستمبرتک کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور وزیرستان میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بالائی اضلاع کے حساس علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں 31 اگست سے 5 ستمبر تک شہری سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے۔تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات مکمل کرنے اور مسلسل الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔سیاحوں اور مسافروں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، جبکہ شدید بارش کے دوران ٹریکنگ، ہائیکنگ اور کیمپنگ سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ندی نالوں اور برساتی پانی سے دور رہنے اور زیرِ آب سڑکوں کو عبور نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانیکی جا رہی ہے۔ پنجاب میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں ہیلپ لائن 1129جبکہ خیبرپختونخوا میں ٹول فری نمبر 1700** پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے