اسلام آباد کو چین کا بڑا تحفہ، 21 جدید فائر اینڈ ریسکیو گاڑیاں فراہم

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے پمز اسپتال میں پیش آنے والے اندوہناک سانحے کے بعد اسلام آباد کے فائر اینڈ ریسکیو نظام کو جدید بنانے کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں چین نے 21 جدید فائر اینڈ ریسکیو گاڑیاں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد فائر بریگیڈ کی موجودہ گاڑیاں تقریباً 20 سال پرانی ہیں اور کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے فائر ڈپارٹمنٹ میں آخری بڑی خریداری 2006ء میں کی گئی تھی۔چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی فائر گاڑیوں اور متعلقہ آلات کی مجموعی مالیت 72.31 ملین چینی یوان بتائی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 3 ارب روپے بنتی ہے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد کو بلند عمارات میں ریسکیو آپریشنز کے لیے جدید اسنارکل فائر ٹینڈر بھی فراہم کیا جائے گا۔ نئی فائر گاڑی تقریباً 88 میٹر بلندی تک ریسکیو آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوگی، جبکہ موجودہ فائر ٹینڈرز صرف 68 میٹر تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔اس طرح ریسکیو کی رسائی 68 سے بڑھا کر 88 میٹر تک ہونے سے بلند عمارات میں آتشزدگی کے دوران اسلام آباد کی فائر اینڈ ریسکیو صلاحیت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔یہ پیش رفت پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے واقعے کے دو روز بعد سامنے آئی ہے، جس میں 14 نومولود جاں بحق ہوگئے تھے۔ سانحے کے بعد اسپتال سمیت شہر کے فائر اینڈ ریسکیو نظام کی صلاحیتوں پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز سانحے کے بعد جدید فائر اینڈ ریسکیو گاڑیوں کی ضرورت اور اہمیت مزید نمایاں ہوگئی ہے۔ چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی گاڑیوں سے اسلام آباد میں بلند عمارات میں آگ لگنے کی صورت میں ریسکیو آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ذرائع کے مطابق یہ امداد 2024ء میں پاکستان اور چین کے درمیان ہونے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت فراہم کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے اسلام آباد کے پرانے فائر اینڈ ریسکیو نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے