ویزا فراڈ,150سے زائد شہری متاثر,6کروڑ روپے لوٹ لیے گے
لاہور میں مبینہ ویزا فراڈ کا شکار 150 سے زائد شہریوں نے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ایجنٹس پر مجموعی طور پر 6 کروڑ روپے ہتھیانے کا الزام عائد کیا ہے۔متاثرین کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پر بیرون ملک روزگار اور سفر سے متعلق اشتہارات دیکھنے کے بعد ایجنٹس سے رابطہ کیا اور ویزا حاصل کرنے کے لیے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی جمع کرائی، تاہم رقم وصول کرنے کے بعد مبینہ طور پر انہیں دھوکا دے دیا گیا۔متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ملزمان ان کے پاسپورٹ، تعلیمی اسناد اور دیگر اہم دستاویزات بھی اپنے ساتھ لے گئے، جس کے باعث وہ اور ان کے خاندان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔احتجاج کرنے والے شہریوں نے الزام عائد کیا کہ بار بار شکایات کے باوجود ایف آئی اے کی جانب سے مبینہ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔ متاثرین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھائے۔متاثرین نے وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک روزگار کا جھانسہ دے کر شہریوں سے رقم بٹورنے والے مبینہ نوسرباز ایجنٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ان سے مبینہ طور پر ہتھیائی گئی رقم واپس دلائی جائے اور ان کے پاسپورٹ و دیگر اہم دستاویزات بھی واپس کرائے جائیں۔متاثرہ شہریوں نے حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے اعلان کیا کہ انصاف ملنے تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔