سابق کپتانوں کا عمران خان کے علاج اور طبی معائنے پر وزیراعظم سے فوری اقدام کا مطالبہ

دنیا کے 21 سابق ٹیسٹ و بین الاقوامی کپتانوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک اور خط لکھ کر سابق پاکستانی کپتان اور سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنے اور مناسب علاج کا مطالبہ کردیا۔کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سابق کپتانوں نے خط میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کرنے اور ایسے میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے کی ہدایت کی تھی جس میں ان کے ذاتی معالجین اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی شامل ہوں، جبکہ ہفتہ وار خاندانی ملاقاتیں بحال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔خط میں سابق کپتانوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا اسپتال میں قیام صرف چند گھنٹوں تک محدود رہا اور سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق میڈیکل بورڈ کے بجائے سرکاری طور پر مقرر کردہ ٹیم نے ان کا معائنہ کیا، جس کے بعد انہیں طبی طور پر فٹ قرار دے کر اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔سابق کپتانوں نے وزیراعظم سے تین مطالبات کیے ہیں۔ ان میں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق میڈیکل بورڈ کو عمران خان کا مکمل اور آزادانہ معائنہ کرنے کی اجازت دینا، خصوصاً ان کی دائیں آنکھ کی مبینہ بینائی میں کمی کا جائزہ لینا، ہفتہ وار خاندانی ملاقاتیں بلا تعطل یقینی بنانا اور طبی معائنے کی بنیاد پر تجویز کردہ علاج فوری فراہم کرنا شامل ہے۔خط پر دستخط کرنے والوں میں مائیکل ایتھرٹن، ایلکس بلیک ویل، ایلن بارڈر، مائیکل بریرلی، گریگ چیپل، ایان چیپل، بیلنڈا کلارک، ایلسٹر کک، مائیکل گیٹنگ، سنیل گواسکر، لی جرمین، ایڈم گلکرسٹ، ڈیوڈ گاور، کم ہیوز، ناصر حسین، کلائیو لائیڈ، کپل دیو، ارجنا راناٹنگا، اینڈریو اسٹراس، دلیپ وینگسرکر، اسٹیو وا اور جان رائٹ شامل ہیں۔سابق کپتانوں نے واضح کیا کہ وہ یہ اپیل سیاستدانوں کی حیثیت سے نہیں بلکہ کرکٹ کے میدان میں عمران خان کے سابق ساتھیوں اور حریفوں کی حیثیت سے کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے داخلی قانونی معاملات میں مداخلت کا ارادہ نہیں رکھتے۔یہ سابق عالمی کپتانوں کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو گزشتہ چھ ماہ کے دوران لکھا جانے والا دوسرا خط ہے۔ رواں سال فروری میں بھی 14 سابق کپتانوں نے عمران خان کی صحت اور مبینہ طور پر ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے