ہیڈنگلے میںپاکستان کو بدترین شکست، بابر اعظم کی فٹنس پر بھی سوال، لارڈز ٹیسٹ مشکل میں
ہیڈنگلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں اننگز اور 103 رنز کی بدترین شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول مینجمنٹ کے لیے تشویش کا باعث بن گیا، جبکہ بابر اعظم کی لارڈز ٹیسٹ میں شرکت بھی تاحال یقینی نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق میچ کے اختتامی لمحات میں خراب پوزیشن کے باوجود پاکستانی کھلاڑی ڈریسنگ روم میں پرسکون اور ہنسی مذاق کرتے دکھائی دیے۔ میچ کے بعد بھی ان کے رویے سے شکست کا دکھ نمایاں نہیں ہوا، جسے حکام نے تشویشناک قرار دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ ناکامیاں اب ٹیم کے لیے معمول بنتی جارہی ہیں اور بعض کھلاڑیوں کو پہلے ہی اندازہ تھا کہ ہیڈنگلے میں صورتحال ایسی ہی رہے گی۔ ٹیم مینجمنٹ لارڈز ٹیسٹ سے قبل کھلاڑیوں کا اعتماد بحال کرنے اور انہیں بہتر کارکردگی کے لیے ذہنی طور پر تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ہیڈنگلے میں پاکستان ٹیم تیسرے ہی روز اننگز اور 103 رنز سے شکست کھا گئی، جبکہ انگلینڈ نے اپنے مضبوط قلعے میں مسلسل ساتویں ٹیسٹ فتح حاصل کی۔ دونوں اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن ناکام رہی اور دوسری اننگز محض 135 رنز پر سمٹ گئی۔بولنگ کے لیے سازگار کنڈیشنز کے باوجود پاکستانی فاسٹ بولرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ محمد عباس، خرم شہزاد اور محمد علی کی بولنگ مایوس کن رہی، جبکہ فیلڈنگ کے دوران بھی مواقع ضائع کیے گئے۔ دوسری اننگز میں اسپنر علی عثمان نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔دوسری جانب بابر اعظم کی انگلی کی انجری بدستور تشویش کا باعث ہے۔ ان کی انگلی میں سوجن برقرار ہے اور وہ گزشتہ چار روز سے نیٹ پریکٹس میں حصہ نہیں لے سکے۔ دوسرے ٹیسٹ میں ابھی چند روز باقی ہیں اور اس دوران بابر کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ میچ میں شرکت یا مزید آرام کا فیصلہ ان کا اپنا ہوگا۔بابر اعظم کی عدم موجودگی میں پاکستان کو بیٹنگ کے ساتھ کپتانی کے شعبے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سلمان علی آغا بطور کپتان بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور ان کے بعض فیصلوں پر سوالات اٹھائے گئے، جبکہ بیٹنگ میں بھی وہ مایوس کن رہے۔ہیڈنگلے ٹیسٹ تیسرے ہی روز ختم ہونے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے گزشتہ روز آرام کیا۔ ٹیم پیر کو لیڈز سے لندن روانہ ہوگی، جبکہ منگل کو صبح ساڑھے 9 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک پریکٹس سیشن ہوگا۔ بدھ کو دوپہر ڈیڑھ بجے سے شام ساڑھے چار بجے تک ٹریننگ شیڈول ہے۔لارڈز ٹیسٹ جمعرات سے شروع ہوگا۔ پاکستانی ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اس وقت نویں اور آخری نمبر پر ہے۔ گرین کیپس نے بیرون ملک مسلسل 8 شکستوں کے بعد حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتا تھا، تاہم حالیہ برسوں میں ہوم گراؤنڈ پر بھی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔