آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا فیصلہ کن مرحلہ، 8 مخصوص نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری

کاغذاتِ نامزدگی 20 اگست کو جمع ہوں گے، پولنگ 24 اگست کو ہوگی، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 25 جبکہ نئے وزیراعظم کا انتخاب 27 اگست کو متوقع مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کا عمل فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا، الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخابات کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا۔جاری شیڈول کے مطابق مخصوص نشستوں میں 5 خواتین، ایک علماء و مشائخ، ایک بیرونِ ملک مقیم ریاستی باشندوں اور ایک ٹیکنوکریٹس و دیگر پروفیشنلز کی نشست شامل ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 20 اگست کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائیں گے اور اسی روز کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کردی جائے گی۔کاغذاتِ نامزدگی کے خلاف 21 اگست کو اپیلیں دائر کی جاسکیں گی، جبکہ 22 اگست کو ان اپیلوں کی سماعت اور فیصلے ہوں گے۔ امیدوار 23 اگست کو اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے اور اسی روز امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی۔مخصوص نشستوں کیلئے پولنگ 24 اگست کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک اسمبلی ہال، بلاک 12 سول سیکرٹریٹ مظفرآباد میں ہوگی۔ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں کا مرحلہ مکمل ہوتے ہی حکومت سازی کا عمل مزید تیز ہوجائے گا۔ 25 اگست کو نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات متوقع ہیں، جبکہ 27 اگست کو نئے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا انتخاب متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے قائدِ ایوان کے انتخاب کے بعد وزیراعظم کی حلف برداری ہوگی، جس کے ساتھ ہی آزاد کشمیر میں نئے سیاسی سیٹ اپ اور حکومت سازی کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے